vni.global
Viral News International

پنجاب,خیبرپختونخوا انتخابات کیس کی سماعت کل ساڑھے 11 بجے ہو گی

اسلام آباد:  پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست پر سپریم کورٹ میں کل دن ساڑھے 11 بجے سماعت ہو گی۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ سماعت کرے گا، عدالت نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری خزانہ کو طلب کر رکھا ہے، چوتھی سماعت پر جسٹس امین الدین خان اور پانچوں سماعت پر جسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کی تھی، دونوں ججز کی معذرت کے بعد دو بار بینچ ٹوٹ چکا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل کی فل کورٹ بنانے کی استدعا مسترد کی گئی تھی، مقدمے میں تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی کے دلائل مکمل ہو چکے ہیں، کل اٹارنی جنرل، نگران حکومت پنجاب اور گورنر کے پی کے وکلاء دلائل دیں گے۔

گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ پیر کے دن اہم خوشخبری ملے گی، ایک موقع پر چیف جسٹس نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ میرا بھی دل ہے میرے بھی جذبات ہیں، میرے ججز کے بارے میں بات کریں گے تو میرا سامنا کرنا پڑے گا، عدالت اور ججز پر تنقید کے باوجود ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا، ایک پارٹی کے چیئرمین گارنٹی دے رہے ہیں حکومت کو بھی ماضی بھلانے پڑے گا۔

واضح رہے انتخابات کیس میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی نے فریق بننے اور فل کورٹ کی استدعا کر رکھی ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.