سینیٹر سرفراز بگٹی بم حملے میں بال بال بچ گئے
بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سینیٹر سرفراز بگٹی عید منانے ڈیرہ بگٹی جا رہے تھے کہ کشمیر ڈیرہ بگٹی روڈ پر دھماکا ہوا۔
ڈیرہ بگٹی کے ڈپٹی کمشنر ممتاز کھیتران نے بتایا کہ بم سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا، سرفراز بگٹی کے گارڈز کو زخم آئے ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
دوسری جانب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹر سرفراز احمد بگٹی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر ایسی کارروائیوں سے بلوچستان کی ترقی اور امن میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد کسی بھی طور پر پاکستان اور بلوچستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے اور وہ پاکستانی قوم کے دہشت گردی کو ہر صورت میں شکست دینے کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔