یاسمین راشد اور سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگرکی مبینہ آڈیو سامنے آگئی
اسلام آباد: سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی مبینہ آڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں سپریم کورٹ کے کسی آرڈر پر بات ہورہی ہے، سی سی پی او نے یقین دلایا کہ سپریم کورٹ میں ہمارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اور تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد کی مبینہ آڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں سلام علیک کے بعد یاسمین راشد غلام محمود ڈوگر سے سپریم کورٹ سے کسی آرڈر کے ہونے کا پوچھتی ہیں جواب میں سی سی پی او غلام محمود کہتے ہیں کہ آرڈر ابھی تک نہیں ہوئے۔
گفتگو سے یہ واضح نہیں ہورہا ہے دونوں کے درمیان کس مقدمہ کے آرڈر کے حوالے سے بات ہورہی ہے۔
🚨🚨🚨🚨🚨#Audio_Leak
ریٹویٹ لازمی ہے 🔄 pic.twitter.com/2IoLvSIyyd— HACKER BOY 111222®️ (@HackerBoy111222) February 18, 2023
آڈیو میں یاسمین راشد نے پوچھا کہ ان کا ارادہ کیا ہے جس پر غلام محمود ڈوگر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ سپریم کورٹ میں ہمارے بندے بیٹھے ہوئے ہیں جیسے ہی آرڈر ہوں گے ہمیں مل جائیں گے، جج صاحبان روانہ ہونے والی ڈاک پر دستخط کرتے ہیں اور یہ دستخط عدالتی وقت میں نہیں بلکہ عدالتی وقت کے بعد ہوتے ہیں۔
یاسمین راشد نے سی سی پی او کو پارٹی چیئرمین عمران خان کی تشویش سے آگاہ کیا اور کہا کہ خان صاحب کافی تشویش میں ہیں جس پر سی سی پی او نے کہا کہ رات کو ڈاک دستخط ہوکر مل جائے گی۔
یاسمین راشد نے دریافت کیا کہ ویسے ہی پوچھ رہی ہوں کہ آج ہماری رات خاموشی سے گزر جائے گی؟اور قہقہہ لگایا جس پر سی سی پی او نے یقین دلایا کہ اللہ کرم کرے گا اپنا۔