ملک بھر میں عید میلاد النبیﷺ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے
سرور کونین، محسن انسانیت، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت باسعادت کا جشن ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام، مذہبی جوش و جذبے اور شایانِ شان طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جس کے بعد مساجد میں نمازِ فجر کے بعد امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے بالخصوص دعا کی گئی۔ فضا درود و سلام کی صداؤں اور معطر فضاؤں سے گونج اٹھی ہے۔

عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، گلیوں، محلاں اور بازاروں کو دلکش برقی قمقموں، سبز پرچموں اور آئائشی محرابوں سے سجا دیا گیا ہے۔ سرکاری و نجی عمارتوں پر دیدہ زیب چراغاں کیا گیا ہے جبکہ مختلف مقامات پر سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالنے کے لیے محافلِ میلاد، ریلیوں اور خصوصی سیمینارز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں عاشقانِ رسول بڑے پیمانے پر شرکت کر رہے ہیں۔

اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام ہم وطنوں اور امتِ مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ بحیثیت امتِ محمدی ﷺ ہمارے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے اندر عدل و انصاف، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسوہ حسنہ ﷺ ہماری انفرادی و اجتماعی زندگی کی فلاح اور کامیابی کا واحد ذریعہ ہے، اور ہمیں ملک کو ایک حقیقی فلاحی و پرامن ریاست بنانے کے لیے اس پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔