ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی پاکستان پہنچ گئے
ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں اسلام آباد آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
استقبالی تقریب میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے معزز مہمان کو گلدستہ پیش کیا جبکہ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بھائی کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے، مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت ملے گی اور خطے کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر مثبت پیش رفت ہوگی۔
توقع ہے کہ ایرانی وزیر داخلہ اپنے اس دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں سرحدی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، دوطرفہ روابط اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔