پشاور دھماکے میں شہدا کی تعداد 59ہوگئی،یہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں‘: وزیراعظم
پشاور:لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان کے مطابق کل 157 زخمیوں میں سے اس وقت ہسپتال میں 65 زخمی داخل ہیں جبکہ باقی افراد کو ابتدائی طبی علاج معالجے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے ۔
ترجمان کے مطابق ہسپتال میں 59 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں بیشتر پولیس اہلکار ہیں۔
پشاور پولیس لائن کی مسجد دھماکہ میں ہلاک ہونے والے پولیس افسروں اور جوانوں میں سے ابتدائی طورپر 27 کی اجتماعی نماز جنازہ تھوڑی دیر قبل پیر کی رات کو پولیس لائن کے گراونڈ میں ادا کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ’پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم میں لپٹے پولیس شہدا کی تابوتوں کو سلامی پیش کی گئی۔‘
نگران وزرا، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، کمانڈنٹ فرنٹیئر کا نسٹبیلری، آئی جی فرنٹیئر کور، آئی جی پی خیبرپختونخوا، اعلیٰ فوجی وسول حکام، شہدا کے لواحقین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں جنازہ میں شرکت کی۔
’اس موقع پر شہدا کی روح کے ایصال ثواب اور ملک کی قومی یکجہتی اور امن وسلامتی کے لئے خصوصی دعابھی کی گئی۔‘
پشاور میں ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے سے چھ افراد کو نکالا جا چکا ہے، جن میں سے صرف دو زخمی افراد ہی زندہ ہیں۔
اس وقت مسجد کے منہدم ہونے والے حصے میں ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن ہیوی مشینری کے ساتھ جاری یے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور واپسی پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پشاور میں جو انسانی المیہ ہوا وہ ناقابل تصور ہے۔ انھوں نے کہا یہ پاکستان پر حملے سے کم نہیں ہے۔
ان کے مطابق قوم گہرے صدمے میں ہے۔ وزیراعظم کے مطابق انھیں اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ دہشتگردی ہمارے لیے بہت بڑا قومی سلامتی کا چیلنج ہے۔
While the pain of the grieving families cannot be described in words, I express my heartfelt condolences & most sincere sympathies. My message to the perpetrators of today's despicable incident is that you can't underestimate the resolve of our people. https://t.co/edUJ6SbP3M
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) January 30, 2023
وزیراعظم نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کا غم الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا آج کے واقعے میں ملوث منصوبہ سازوں کے نام یہ پیغام ہے کہ آپ ہمارے لوگوں کے عزم کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔‘
خیال رہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے وزرا کے ہمراہ پشاور کا دورہ کیا۔ پشاور میں ان کا استقبال آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کیا۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ، وزیردفاع، گورنر خیبرپختونخوا اور آرمی چیف کے ساتھ لیڈی ریڈنگ ہسپتال جا کر اس پولیس لائن دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت بھی کی۔