vni.global
Viral News International

سیلاب سے ایک ہزار سے زائد ہلاکتیں، معیشت کو 10 ارب ڈالر کا نقصان،

ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری  ہیں جہاں بلوچستان، سندھ اور  خیبرپختونخوا کے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

بلوچستان سے آنے والے سیلابی پانی کا دباؤ بڑھنے کے بعد سندھ کو پھر سیلاب کا سامنا ہے، ادھر  ضلع دادو کی تحصیل میہڑ کی آخری ڈیفنس لائن سپریو بند میں 30 فٹ چوڑا شگاف پڑگیا، ریلے میہڑ کی طرف بڑھنے لگے جس سے  100 سے زائد دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

پانی کا دباؤ کم کرنے کے لیے حکومت سندھ نے جوہی کنال میں شگاف ڈال دیا، سیلاب جوہی شہر سمیت 60 دیہات کو متاثر کرے گا۔

دوسری جانب نصیر آباد میں دریائے ناڑی سے آنے والا سیلاب منجھو شوری میں داخل ہوگیا جس سے 350 سے زائد دیہات ڈوب گئے اور  ہزاروں خاندان پانی میں پھنس گئے۔

3 فٹ پانی بھرنے سے ڈیرہ مراد جمالی جیل کے 180قیدی سبی منتقل کردیے گئے اور  ڈیرہ اللہ یار جیل ناقابل استعمال قرار دی گئی ہے جب کہ سینٹرل جیل مچھ کی گیس، پانی اور بجلی منقطع ہے۔

کراچی، کوئٹہ، بولان اور  جیکب آباد قومی شاہراہ بند  ہے جب کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کا رابطہ بھی بحال نہیں کیا جاسکا ہے، کوئٹہ تفتان ایران شاہراہ تین روز بعد بحال کی گئی ہے۔

بجلی کے ٹاورزگرنے سے بلوچستان کے 27گرڈ اسٹیشنوں کوبجلی کی فراہمی معطل ہے جہاں خضدار، قلات، سوراب، مستونگ، نوشکی، چاغی اورخاران کے اضلاع کوبجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ  لورالائی، ژوب، قلعہ سیف اللہ، پشین اور چمن میں بھی بجلی کی فراہمی کے مسائل ہیں۔

کوئٹہ میں شدید لوڈشیڈنگ، بجلی، گیس اور موبائل فون سروس کی معطلی سے شہری پریشان ہیں۔

خیبر پختونخوا کے شہروں سوات،ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، نوشہرہ اور چارسدہ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جہاں چارسدہ میں دریا کنارے واقع آبادیاں ڈوب گئيں، ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد بے گھر  ہوگئے، متاثرین کی بڑی تعداد پشاور موٹر وے پر پناہ لیے ہوئے ہے۔

کوہستان میں سیلابی ریلا گزر گيا لیکن تباہی کی داستانیں چھوڑ گيا، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی پانی ہی پانی ہے، دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی آنے لگی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.