vni.global
Viral News International

پمز اسپتال واقعہ: وفاقی سیکرٹری صحت عہدے سے برطرف

وزیراعظم نے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی بنادی

پمز اسپتال اسلام آباد کے گائنی وارڈ میں آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں 15 نومولود بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری صحت اسلم غوری کو فوری طور پر معطل کر کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

پی ایم ہاؤس میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے ہنگامی اجلاس کے دوران وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو طلب کیا اور شفاف تحقیقات کے لیے سابق سیکرٹری داخلہ شاہد خان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دی، جس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر بیرسٹر نویل اعوان بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں، ضلعی انتظامیہ نے بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی بنائی ہے جس میں کیپیٹل ایمرجنسی سروسز، سی ڈی اے، پولیس اور آئیسکو کے افسران شامل ہیں، جو 24 گھنٹے میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ لاپرواہی کے ذمہ داروں کو ہرگز نہیں بخشا جائے گا اور وہ خود بھی احتساب کے لیے تیار ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.