خواجہ سراؤں کے لئے پاکستان کے پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح
اسلام آباد: منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے خواجہ سراؤں کے لئے پاکستان کے پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا، وزارتِ انسانی حقوق کے تعاون سے شروع کئے جانے والے منصوبے کے تحت 10 خواجہ سراؤں کو عارضی طور پر رات کے قیام، ناشتے اور رات کے کھانے کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
ترلائی میں شیلٹر ہوم میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں ایم ڈی پاکستان بیت المال کے ہمراہ وزارت انسانی حقوق کے ڈائریکٹر جنرل محمد ارشداور دیگر افسر بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پاکستان بیت المال نے کہا کہ پاکستان بیت المال معاشرے کے محروم طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کے فرض سے بخوبی آشنا ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدم تحفظ اور احساس محرومی کا شکار خواجہ سراؤں کو ان کے جائز حقوق دیتے ہوئے ان میں زندگی کی امید اور خوشی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے جسے پورا کرنے کے لئے وزارت انسانی حقوق کا پاکستان بیت المال کے ساتھ مشترکہ عملی اقدام انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔
عامر فدا پراچہ نے کہا کہ یوں تو پاکستان بیت المال کی طرف سے مستحق اور نادار خواجہ سراؤں کو علاج معالجے اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں مگر وزارت انسانی حقوق کے تعاون سے انہیں عارضی رہائش اور کھانا فراہم کرنے کی ذمہ داری بھی نبھائی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پائلٹ فیز کے طور پر یہ منصوبہ ترلائی شیلٹر ہوم سے شروع کیا جا رہا ہے جس کی افادیت کے جائزے کے بعد اس کی وسعت میں اضافہ کیا جائے گا۔