vni.global
Viral News International

لاہورمیں پی ٹی آئی کی ریلی؛ عمران خان کی جانب سے اہم اعلان متوقع

 لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی زمان پارک سے داتا دربار تک نکلنے والی ’’انتخابی مہم ریلی‘‘ جاری ہے جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان  کی جانب سے خطاب کے دوران اہم اعلان متوقع ہے۔ 

تحریک انصاف کی انتخابی ریلی گڑھی شاہو چوک سے اپنی منزل داتا دربار کی جانب سفر جاری ہے، ریلی میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی کثیر تعداد شریک ہے، گڑھی شاہو پہنچنے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سے ریلی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

گڑھی شاہو چوک پہنچنے پر کارکنوں کی جانب سے قیادت کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی، اپنی گاڑی میں موجود سابق وزیر اعظم عمران خان نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا، ریلی گڑھی شاہو سے داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہو گی۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے استقبال کیلئے دو موریہ پل پر آتش بازی کی گئی جبکہ پی ٹی آئی کی ریلی کے داتا دربار پہنچنے پر استقبال کیلئے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے، داتا دربار کے باہر کنٹینر لگا کر سٹیج سجا دیا گیا ہے۔

 پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان زمان پارک میں ریلی کے اختتام پر دوران خطاب ایک اہم اعلان کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تمام رکاوٹوں کے باوجود لاہور کی عوام جگہ جگہ عمران خان کا تاریخی استقبال کر رہی ہے، وہ عوام کے دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں، زندہ دلانے لاہور نے تاریخی استقبال کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ریلی میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دیکھ کر حکمرانوں کے ہوش اڑ چکے ہیں، توشہ خانہ چوروں کو عوام کا سمندر بہا کر لے جائے گا، مریم نواز اور ان کے حواریوں کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہے، ان کی فضول گفتگو پر عوام دھیان نہیں دیتے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.