حکومت نے منی بجٹ منظور کرانے کیلئے کل قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا
اسلام آباد:صدر کی جانب سے آرڈیننس جاری کرنے سے انکار کے بعد وفاقی حکومت نے منی بجٹ منظور کرانے کیلئے کل قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اس دوران منی بجٹ سے متعلق آرڈیننس پر تفصیلی طور پر مشاورت کی گئی، کابنیہ نے منی بجٹ پر آرڈیننس نہ لانے کا فیصلہ کیا، اس حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے مالیاتی بل پر جلد قانون سازی کل قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں فنانس بل جمع کروایا جائے گا، وزیر خزانہ بل سے متعلق بریفنگ دیں گے، قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد منی بجٹ سینیٹ میں بھی کل ہی پیش کیا جائے گا، اس حوالے سے سینیٹ کا اجلاس بھی کل شام ساڑھے 4 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی صدارت کریں گے۔
مالیاتی بل میں 170 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس اقدامات کی تجویز پیش کی گئی ہے، وفاقی کابینہ نے ٹیکسوں کے نفاذ کیلئے مالیاتی بل کی منظوری بھی دے دی ہے۔