سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں: بابر اعظم
پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں کسی بھی سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھانے میں کوئی برائی نہیں ہے کیونکہ ہمیشہ ٹیم کا مفاد ہی سب سے اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حتمی پلیئنگ الیون کا انتخاب حالات کا جائزہ لینے اور ٹیم کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
بیٹنگ کے دوران مسلسل وکٹیں گرنے کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے قومی کپتان نے تسلیم کیا کہ اچھی شراکت داری کے بعد اچانک وکٹوں گرنا ایک خامی ہے جسے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ لارڈز کی پچ کی صورتحال کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پچ پر گھاس دکھائی دے رہی ہے جس کی بنا پر حتمی فیصلہ حالات کو دیکھ کر ہوگا، جبکہ محمد رضوان سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ہے۔
بابر اعظم نے اپنی مکمل فٹنس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ لارڈز ٹیسٹ میں ایکشن کے لیے تیار ہیں اور قومی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ لارڈز کے میدان پر مسلسل تیسری فتح حاصل کرکے فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کرے۔ واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور سیریز میں واپسی کے لیے پاکستان کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔