پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ، اپوزیشن و حکومتی ارکان کی نعرے بازی
لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، احتجاج، ارکان نشستوں پر کھڑے ہو گئے، حکومتی ممبران بھی پیچھے نہ رہے، ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی، خواتین ارکان بھی پیش پیش۔
ایک گھنٹہ انچاس منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت سپیکرسبطین خان نے کی، اپوزیشن اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے، سپیکر نے بار بار اپوزیشن کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ آپ کی سینئر لیڈر شپ کو پتہ چل گیا کہ آپ احتجاج کر رہے ہیں اب بیٹھ جائیں ، اللہ محمد کے ناموں والے کاغذ نیچے کیوں پھینک رہے ہیں، اسمبلی ملازمین زمین سے کاغذ اٹھائیں خلیل طاہر سندھو آپ سٹاف کو کاغذ اٹھانے سے کیوں روک رہے ہیں۔
پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی بھی گیلری میں موجود تھے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ طاہر خلیل سندھو، خواجہ سلمان رفیق اپنے اراکین کو پیچھے ہٹائیں، میں آٹھویں دفعہ کہہ رہا ہوں اپنی نشستوں پر تشریف رکھیں وگرنہ مجھے رولز کے مطابق کارروائی کرنی پڑے گی، جو اراکین کارروائی میں خلل ڈال رہے ہیں ان کے نام نوٹ کریں۔