vni.global
Viral News International

وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور ٹریفک حادثے میں جاں بحق

وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے تو ہائی لکس ریوو جس میں 5 افراد سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔

پولیس نے بتایا کہ مولانا عبدالشکور کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے

حادثے کے نتیجہ میں وفاقی وزیر کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، حادثے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور قانونی کارروائی شروع کر دی

حادثے کے وقت مفتی عبدالشکور گاڑی خود چلا رہے تھے۔

حادثے کے بعد اسلام آباد پولیس کے آئی جی نفری کے ہمراہ اسپتال پہنچے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور جے یو آئی کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں پولی کلینک پہنچے۔ اس موقع پر اسپتال کے باہر جذباتی مناظر میں دیکھنے میں آئے۔

اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران موقع پر موجود ہیں جبکہ گاڑی اور سوار افراد کو پولیس حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کو تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اُن سے تفتیش جاری ہے۔

ڈاکٹر اکبر ناصر نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی موت انتہائی افسوسناک حادثہ ہے، یہ حادثہ میریٹ سے سیکریٹریٹ چوک کی طرف جاتے وقت پیش آیا، حادثے کے وقت مفتی صاحب اکیلے گاڑی ڈرائیو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ سر پر چوٹ آنے کے باعث مولانا کی موت ہوئی، جس گاڑی سے ٹکرائو ہوا اس کا ڈرائیور گرفتار ہے۔ بظاہر سر پر چوٹ آنے کے باعث یہ حادثہ رونما ہوا ہے تاہم واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے، مفتی عبدالشکور جمعیت علما اسلام کے متحرک اور نظریاتی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزیر مفتی عبد الشکور کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور اُن کی بین المذاہب ہم آہنگی کیلیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی ، صبر جمیل کی دعا کی جبکہ مفتی عبد الشکور کی مغفرت کیلیے بھی دعا کی۔

علاوہ ازیں وفاقی وزرا بلاول بھٹو، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ سمیت دیگر کابینہ اراکین نے مفتی عبدالشکور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی مغفرت اور اہل خانہ کیلیے صبر کی دعا کی۔

سابق صدر آصف زرداری اور چوہدری شجاعت حسین نے مفتی عبدالشکور کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مفتی عبدالشکور کی موت جماعت  کیلیے بڑا نقصان ہے، فضل الرحمان

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مفتی عبد الشکور کی وفات جماعت،میری ذاتی زندگی اور علاقے کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔  مفتی عبدالشکور کی جماعتی ،سماجی ،تدریسی اور سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’مفتی عبدالشکور نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اپنے علاقے میں ہونے والی بدامنی کے خلاف آواز بلند کی تھی‘۔ جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ مفتی عبد الشکور درویش صفت انسان تھے، اُن کی بالخصوص حجاج کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے دعا کی کہ اللہ کریم مفتی عبدالشکور کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔  یہ غم صرف ان کے اہل خانہ کا نہیں ،میرا اور پوری جماعت کا غم ہے۔

واضح رہے کہ مفتی عبدالشکور کا تعلق جمیعت علما اسلام سے تھا اور وہ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 51 پر منتخب ہوئے تھے۔ جے یو آئی میڈیا سیل کے مطابق مولانا عبدالشکور کی نماز جنازہ  اتوار کو دوپہر دو بجے آبائی علاقے تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.