vni.global
Viral News International

اسحاق ڈار نے سینیٹر کے عہدے کا حلفاٹھالیا،اپوزیشن کا احتجاج

اسلام آباد: نامزد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بطورِ سینیٹر حلف اٹھا لیا۔اجلاس کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں صادق سنجرانی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نامزد وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے بطور سینیٹر حلف لیا، وہ 5 سال کے بعد گزشتہ روز لندن سے واپس پاکستان پہنچے تھے۔

اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی جب کہ حکومتی اراکین نے انہیں مبارکبادیں پیش کیں۔

اجلاس میں شرکت کے لیے اسحاق ڈار وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق اور اعظم نذیر تارڑ کے ہمراہ ایوان میں پہنچے۔

اسحاق ڈار ایوان میں پہنچے توحکومتی اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے اسحاق ڈار کو سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے لیے مدعو کیا تو اپوزیشن میں شامل تحریک انصاف اور دیگر جماعتوں نے شور شرابا کیا۔

اپوزیشن ارکان نے چورچور کے نعرے لگائے، تحریک انصاف کے ارکان نے چیئرمین کی ڈائس کا گھیراؤ کرلیا اور اسی شور شرابے میں اسحاق ڈار نے حلف اٹھایا۔ اپوزیشن ارکان نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے ساتھ ہی انہوں ںے شیم شیم کی نعرے بازی بھی کی۔ اس دوران چیئرمین سینیٹ ارکان کو چپ کراتے رہے مگر کسی نے ایک نہ سنی۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اسحاق ڈار صاحب معزز رکن ہیں انہیں ایوان میں خوش آمدید کہتے ہیں، ہم نے ہمیشہ اس ایوان کے تقدس کا خیال رکھا ہے، ہاؤس کے تقدس کا خیال کیا جائے، یہان دامن کسی کا صاف نہیں، آپ کے تحفظات ذاتی ہو سکتے ہیں آئین اور قانون کے مطابق نہیں۔

قائد ایوان کے بعد اپوزیشن لیڈر نے اظہار خیال کیا اس دوران حکومتی بینچز سے نعرے بازی کی گئی۔ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ یہ جو سسٹم چل رہا ہے یہ شخصیات کو تحفظ دے رہا ہے، یہ سسٹم ایک خاندان کا بنتا جا رہا ہے، ابھی تک انہوں نے عدالت کے آگے سرینڈر نہیں کیا، یہ سیدھا یہاں آگئے ہیں، سینیٹ میں سینیٹ کا کوئی عزت و حترام ہے بھی یا نہیں۔

حلف کے بعد چیئرمین سینیٹ نے معمول کے مطابق اجلاس کی کارروائی شروع کردی اور وقفہ سوالات کا آغاز کیا۔ اجلاس میں شور شرابے کے بعد دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا جس پر ایوان میں قہقہے لگ گئے۔

چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ آپ سوال کریں کیونکہ ہاؤس کی دادی شیری رحمان آگئی ہے وہ جواب دیں گی جس پر شیری رحمان نے کہا کہ میں آپ کی دادی ہوں مگر دادا گیری نہیں چلے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ میری نہیں پورے ایوان کی دادی ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.