vni.global
Viral News International

پاکستان کا روس سے پٹرول اور ڈیزل درآمد کرنے کا فیصلہ

 اسلام آباد: پاکستان نے روس سے خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل درآمد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

روس سے خام تیل کی خریداری اور پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن سے متعلق اسٹرکچرکو مارچ میں حتمی شکل دی جائےگی ۔ پاکستان اور روس کے درمیان تین معاہدے طے پا گئے ہیں۔

پاکستان اور روس کے درمیان کسٹم معاملات میں تعاون سے متعلق معاہدے، پاک روس تجارتی سامان کی کسٹمز ویلیو پر دستاویز اورڈیٹا کے لین دین کے معاہدے پربھی دستخط کیے گئے۔

روس اور پاکستان کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے بعد جاری کردہ مشترکہ اعلامیے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی مصدق ملک نے کہا کہ ہم مارچ میں روس سے خام تیل، پیٹرول اور ڈیزل درآمد کرنا شروع کردیں گے، فی الحال پاکستان کو دینے کے لیے روس کے پاس ایل این جی نہیں ہے،پاکستان روس سےاپنی مجموعی ضرورت کا 35فیصد خام تیل درآمد کرنا چاہتا ہے۔

پاکستان اور روس کے بین الحکومتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیاہے ، تیل اورگیس کے تجارتی لین دین کا ایسا ڈھانچہ بنائیں گے کہ دونوں ملکوں کو فائدہ پہنچے، روس اورپاکستان نے توانائی تعاون کے لیے جامع منصوبہ پرکام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن پراجیکٹ کے جامع انفراسٹرکچرپرغورکرنے پربھی اتفاق کیا گیا ہے جب کہ پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن سے سستی گیس کی فراہمی کے لیے پائیدارانفراسٹرکچربنانے پر غور کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پاکستان اور روس کے درمیان کسٹم معاملات میں تعاون سے متعلق معاہدے، پاک روس تجارتی سامان کی کسٹمز ویلیو پر دستاویز اورڈیٹا کے لین دین کے معاہدے پربھی دستخط کیے گئے۔

مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاک روس ایروناٹیکل مصنوعات کی فضائی قابلیت پرکام کرنے کا معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔

روسی وزیر توانائی نکولے شلگی نووف کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، ڈیری کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے، پاکستان میں برآمدی صنعت لگانے میں تعاون جاری رکھیں گے، معاہدوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، پاکستان کے ساتھ مختصر اور طویل مدتی منصوبوں پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان کے ساتھ روڈ ٹرانسپورٹ کو فروغ دیں گے، تیل اور گیس کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، توانائی ،زراعت ، مالیات، تجارت ، سرمایہ کاری، کسٹم کے شعبوں پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔

سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے مزید معاہدے بھی کریں گے۔

اعلامیہ جاری
پاکستان اور روس کے درمیان بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت ،معاشی ،سائنسی و فنی تعاون مغ تین روزہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی صدر ولادمیر پیوٹن کی رہنمائی میں دونوں ممالک کا تعاون بڑھانے ، معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا بھی عزم کیا گیا۔

دونوں ممالک میں تجارت، سرمایہ کاری ،توانائی ،مواصلات اور ٹرانسپورٹ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور روس اعلیٰ تعلیم ،انڈسٹری ،ریلویز ،فنانس اور بینکنگ سیکٹر میں بھی تعاون پر متفق ہیں، کسٹم، زراعت ،سائنس اور ٹیکنالوجی ،انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبہ جات میں بھی تعاون کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق تیل اور گیس کے شعبہ میں تعاون کے لیے طریقہ کار کو مارچ تک حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے، دونوں ممالک کی وزارتیں اور متعلقہ محکمے خوشحالی کے مشترکہ مقصد کے لیے تعاون کی نشاندہی کریں گے، تعلقات سے دونوں ممالک اور خطہ کے عوام کے لیے معاشی بہتری آئے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.