امریکا، ایران مذاکرات کی بحالی کیلئے رابطے جاری ہیں: قطر
دوحہ : قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان تعطل کا شکار مذاکرات کی دوبارہ بحالی کے لیے قطر اور دیگر فریقین کے رابطے مسلسل جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق قطری حکام روزانہ کی بنیاد پر ٹیلی فون اور دیگر ذرائع سے مختلف فریقوں سے رابطے میں ہیں، جبکہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ایرانی حکام سے بھی براہِ راست رابطہ برقرار رکھا گیا ہے۔ حکام فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے متعدد تجاویز اور عملی طریقہ کار کا جائز لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ قطر اور پاکستان کی زیرِ قیادت جاری ثالثی کے عمل میں تمام متعلقہ فریقوں کی مکمل اور موثر شرکت پر زور دیا جا رہا ہے۔
ترجمان قطری وزارتِ خارجہ نے اس بات کو واضح کیا کہ موجودہ بحران سے نکلنے اور خطے میں امن کے قیام کا واحد حل صرف اور صرف مذاکرات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر کی اولین ترجیح آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو معمول پر لانا ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے قطر خطے میں کشیدگی کی کمی، جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کی بحالی کی تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کر رہا ہے۔