آر ایل این جی کی عدم دستیابی سے بجلی کا بحران، رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ
پاور ڈویژن کے ترجمان کے مطابق ملک بھر میں آر ایل این جی (RLNG) کے کارگو پہنچنے میں تاخیر اور گیس کی عدم دستیابی کے باعث گزشتہ رات بجلی کی پیداوا شدید متاثر ہوئی ہے۔ اس کی وجہ سے نظام میں تقریباً 3600 میگاواٹ بجلی کی پیداوا میں کمی واقع ہوئی، جبکہ منگلا ڈیم سے بھی 195 میگاواٹ کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس غیر متوقع کمی کو پورا کرنے اور رات کے پیک آورز میں بجلی کی طلب کو برقرار رکھنے کے لیے حکام کو ڈیڑھ سے تین گھنٹے تک کی عارضی لوڈ مینجمنٹ کا سہارا لینا پڑا۔ پاور ڈویژن نے بجلی کی شدید قلت پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر فرنس آئل پر چلنے والے پاور پلانٹس کو بھی فعال کر دیا ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ آر ایل این جی کے کارگوز کی آمد کے ساتھ ہی رات کے اوقات میں کی جانے والی عارضی لوڈ مینجمنٹ کو ختم یا کم کر دیا جائے گا۔ فی الحال دن کے وقت ملک بھر میں بجلی کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، اور نقصان والے علاقوں میں بھی مقررہ شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے۔ پاور ڈویژن نے اس عارضی زحمت پر صارفین سے معذرت کا اظہار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ رات کے پیک آورز کے دوران بجلی کا استعمال اعتدال سے کریں تاکہ لوڈ مینجمنٹ کو کم سے کم رکھا جا سکے۔