vni.global
Viral News International

آبنائے ہرمز مذاکرات کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی

نیویارک: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی بنیادی وجہ ایران اور عمان کے درمیان اہم سمندری گزرگاہ آبنائے ہرمز کے ذریعے عارضی بحری راستہ قائم کرنے کے فریم ورک پر جاری مذاکرات ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان آبنائے ہرمز میں محفوظ جہاز رانی کے امکانات پر تبادلہ خیال ہوا ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر تیل کی سپلائی معطل یا متاثر ہونے کے خدشات میں واضح کمی آئی ہے۔ تجارتی تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں کشیدگی کے باوجود عارضی راستہ قائم کرنے کی گفتگو نے سرمایہ کاروں کو امید دلائی ہے کہ عالمی مارکیٹ تک خام تیل کی فراہمی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھی جا سکتی ہے۔

عالمی منڈی میں کاروبار کے اختتام پر برینٹ کروڈ کی قیمت 86.28 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کے سودے 80.29 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئے۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی تجارت کے لیے ایک نہایت حساس اور اہم سمندری گزرگاہ ہے، جہاں سے روزانہ عالمی خام تیل اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔ بحری آمدورفت معمول پر آنے اور سپلائی کے تحفظ سے متعلق خدشات دور ہونے کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ مزید برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.