vni.global
Viral News International

لانگ مارچ حقیقی آذادی کیلئے جہاد ہوگا، عمران خان

سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ  سیاست نہیں ملک کی حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے۔ اسکا اعلان چند دنوں میں کروں گا۔

جامعہ سرگودھا میں تقریب میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو کس نے اجازت دی کہ سیاسی لیڈر کو طلبہ سےخطاب سے روکیں۔ طلبہ ملک کا مستقبل ہیں۔ انہیں حق اور سچ کا علم ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ میں آکسفورڈ یونیورسٹی میں 3 بار خطاب کرچکا ہوں اور اب پھر دعوت ملی ہے۔ لیڈر یونیورسٹی نہ آئیں تو طلبہ کی سیاسی تربیت کیسے ہوگی؟۔ یہاں تو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان بھی آسکتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف یہاں آئیں گے تو پیسے مانگنا شروع کریں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کہتے کچھ اور مطلب کچھ اور ہوتا ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ظلم و ناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا۔ جب یہ میرا نام سنتے ہیں توان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں۔ چھوٹا چور جیل میں اور بڑے کو این آر او دے دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ میں خوشحالی کی وجہ وہاں قانون کی حکمرانی ہے ۔ ہمارا وزیراعظم جب پیسے مانگتا ہے تو سارے ملک کی عزت ختم ہوجاتی ہے۔ جیلیں مجبور لوگوں سے بھری پڑی ہیں جب کہ بڑے بڑے ڈاکو آزاد ہیں۔ ہمار ے وزیر اعظم پر 16 ارب روپے کی چوری میں سزا ہونے والی تھی۔ اسحاق ڈار نے 2000 میں تحریری بیان حلفی دیا میں منی لانڈرنگ کرتا تھا، انہیں وزیر خزانہ بنا دیا۔ یعنی بلی کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھا دیا۔ یہ الیکشن میں اپنے امپائر کھڑے کرکے بھی ہار جاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کو تو بھارت میں مسٹر 10 پرسنٹ کہتے ہیں۔ ان کی کرپشن پر کتابیں لکھی ہوئی ہیں۔ سندھ کے گورنر اور مولاجٹ میں کوئی فرق نہیں۔ آدھی کابینہ پر چوری کے کیسز ہیں۔ عابد شیر علی کے والد نے کہا راناثنااللہ نے 18 قتل کیے ہیں۔ ملک پر چوروں کو بٹھانا سیاست نہیں، ان کے خلاف اب ہمارا جہاد ہے۔قومیں پہلے اخلاقی اور پھر معاشی طور پر مرتی ہیں۔

پی ٹی آئی کی حکومت مخالف تحریک سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ ہونے جارہا ہے۔ چند روز میں لانگ مارچ کا اعلان کرنے والا ہوں۔ یہ سیاست نہیں ملک کی حقیقی آزادی کے لیے جہاد ہے۔برا وقت تب آتا ہے جب آپ ہار مان جاتے ہیں۔ لیکن آپ نے ہار نہیں ماننی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے آخری بال تک لڑنا سیکھا ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.