عمران خان کا دور آزادی صحافت کیلئے سیاہ دور رہا ہے، آصف علی زرداری
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے عمران خان کا دور آزادی صحافت کے لحاظ سے سیاہ دور رہا ہے۔
پی پی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق آصف علی زرداری نے کراچی میں صوبائی وزرا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاش عمران خان کو صحافیوں کے حقوق کا خیال اپنے دور حکومت میں بھی آجاتا۔
انہوں نے کہا کہ پیلزپارٹی کے دور حکومت میں ہمیشہ صحافیوں کو آزادی ملی اور آئندہ بھی ملتی رہے گی۔
سابق صدر نے کہا کہ عمران خان کا دور آزادی صحافت کے لحاظ سے سیاہ دور رہا ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کے تعلقات میں وقت کے ساتھ بہت بہتری آئی ہے اور وقت کے ساتھ مزید بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کا مقصد ملک کی ترقی اور جمہوریت کی مضبوطی ہے، ہم سب نے وقت سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک کو اتحادی حکومت ، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ سب نے مل کر اور آئین کی پاسداری کرتے ہوئے اس بحران سے نکالنا ہے جس میں عمران خان ہمیں چھوڑ کر گیا ہے۔