vni.global
Viral News International

عمران خان چور دروازے سے ملاقاتوں کے عادی ہیں,مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن کمشنر سے چور دروازے سے ملاقات کی درخواستیں کرتے رہے، جب ون آن ون ملاقات نہیں ہو سکی تو عمران خان نے الیکشن کمیشن پر یلغار کر دی، عمران خان چور دروازے سے ملاقاتوں کے عادی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ملک کو بحرانوں سے نکالنے والی جماعت کامیاب ہوگی، حلقوں سے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزا ہیں، پنجاب کے ضمنی انتخابات پی ٹی آئی کے سیاسی بیانیے اور سیاست کو دفن کر دے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف نے مریم نواز کو جو ذمہ داری سونپی تھی، مریم نواز نے اسے مثالی طریقے سے نبھایا، مریم نواز کی شاندار مہم کے باعث مسلم لیگ (ن) کے جلسوں میں جوش و خروش رہا، حلقوں سے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزا ہیں۔

عمران خان کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج عمران خان نے اپنی تقریر میں اپنی شکست کو تسلیم کیا ہے، عمران خان جس طرح کی باتیں کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ ان کی زبان اور دماغ ان کے قابو میں نہیں، ایسا تب ہوتا ہے کہ جب انسان گھبرایا ہوا، ہارا ہوا، مسترد شدہ اور ناکام ہو۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ یہ چاروں چیزیں ان میں موجود ہیں، وہ مسترد اور ناکام ہو چکے ہیں۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.