vni.global
Viral News International

ایران کے پاس صرف 21 سے 22 فیصد میزائل باقی ہیں،ٹرمپ

معاہدے کے سوا ایران کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں: امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ جاری تنازع کے نتیجے میں ایران کے پاس اب صرف 21 سے 22 فیصد میزائل باقی رہ گئے ہیں اور بالآخر اس کے پاس کوئی اور راستہ نہیں بچے گا سوائے اس کے کہ وہ معاہدہ کرے۔ امریکی ٹی وی چینل ‘این بی سی نیوز’ کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ جنگ اور اس جیسے بحرانوں کے حل میں وقت لگتا ہے اور یہ کام فوری طور پر نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اب وہ اقدامات کرنے پر مجبور ہوگا جن کا اس نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا، اور اس نے اب تک جنگ بندی کے لیے کسی ڈیل پر اتفاق اس لیے نہیں کیا کیونکہ وہ ایک طاقتور اور غیور قوم ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر وہ ڈیمکریٹ صدر ہوتے تو کوئی ان سے یہ نہ پوچھتا کہ یہ جنگ کب جیتی جائے گی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ ان کی انتظامیہ کو ایران کے معاملے پر زبردست کامیابی حاصل ہو رہی ہے اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی پوزیشن میں نہیں آنے دیا جائے گا۔ آبنائے ہرمز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہاں سے بہت سے آئل ٹینکر گزرے ہیں اور یہ بحران جلد حل ہو جائے گا، جس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں پہلے سے بھی زیادہ کم ہونے کی امید ہے۔

دوسری جانب، امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اور معاہدے کے معاملے پر اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تہران کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ اس سلسلے میں سفارتی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.