پی ٹی آئی ایم این اے شکور شاد کی پارٹی رکنیت معطل، شوکاز جاری
کراچی: پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی جانب سے عدالت کے ذریعے اپنی نشست معطل ہونے کا نوٹیفکیشن ختم کروانے پر تحریک انصاف نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
سابق رکن قومی اسمبلی شکور شاد صاحب کو پارٹی پالیسی کے خلاف اقدام کے حوالے سے شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ انہوں نے پارٹی پالیسی کے خلاف اپنا استعفی عدالت میں درخواست دائر کر کے منسوخ کروایا۔ان سے انکےاقدام اور میڈیا پر پارٹی پالیسی کےخلاف بیانات کے حوالےوضاحت طلب کی گئی ہے! pic.twitter.com/nKc1RRwfe7
— Imran Ismail (@ImranIsmailPTI) September 10, 2022
پی ٹی آئی سندھ کی قیادت کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سات دن کے اندر جواب دے کر بتائیں کہ آپ کی رکنیت کیوں بحال کی جائے؟ شوکاز نوٹس کے مطابق حلقہ این اے 246 سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو چکے ہیں، لہٰذا اس حلقے سے بطور کورنگ امیدوار آپ کی نامزدگی بھی واپس لی جاتی ہے۔
شکور شاد کو شوکاز نوٹس تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی اور ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عمران اسماعیل کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ شکور شاد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا کہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نام کوئی استعفا بھیجا اور نہ ہی اس پر میرے دستخط ہیں۔ لہٰذا میرا استعفا منظور ہونے اور قومی اسمبلی کی نشست خالی ہونے (دونوں کے) نوٹیفکیشن معطل کیے جائیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے شکور شاد کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی تھی۔ بعد ازاں شکور شاد کے اس عمل کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کی بنیاد پر رکنیت معطل کرتے ہوئے سات دن کے اندر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔