vni.global
Viral News International

نیوی گالف کورس اسلام آباد کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیوی گالف کورس کی تعمیر غیر قانونی قرار  دینے سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تعمیرات غیر  قانونی قرار دینے سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا، چیف جسٹس نے تعطیلات پر روانگی سے قبل فیصلہ تحریرکرکے دستخط کیے جو آج جاری کیا گیا، 105 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں اسلام آباد انوائرمنٹل کمیشن کی رپورٹ کو بھی حصہ بنایا گیا ہے۔

عدالت نے نیوی گالف کورس کی تعمیر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے وزارت دفاع کو انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔

عدالت نے سیکرٹری دفاع کو نیوی گالف کلب کا فارنزک آڈٹ کرا کے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیشنل پارک کی 8068 ایکڑ اراضی پر فوج کے ڈائریکٹوریٹ کا ملکیتی دعویٰ بھی مسترد کرتے ہوئے پاک فوج کے فارمز ڈائریکٹوریٹ کا مونال ریسٹورینٹ کے ساتھ لیز معاہدہ بھی غیر قانونی قرار دے دیا۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ ریاست اور حکومتی عہدیداران کا فرض ہے کہ وہ مارگلہ ہلز کا تحفظ کریں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.