سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھوٹنے لگے
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض تیزی سے بڑھنے لگے ہیں جن سے خاص طور پر بچے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔
سندھ کے ضلع خیرپور میں گیسٹرو سے 2 بچیاں جاں بحق ہوگئیں، محکمہ صحت سندھ کے مطابق گوٹھ خدا بخش شر میں متعدد بچےگیسٹرو اور ملیریا میں مبتلا ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق سندھ بھر میں اب تک 12 لاکھ21 ہزار سے زائد افراد بیماریوں میں مبتلا ہوئے ہیں، 24 گھنٹوں میں سانس، دمہ اور سینے کی بیماریوں سے 12 ہزار 27 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق معدے، جلدی امراض، ڈینگی، ملیریا اورڈائریا کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
بلوچستان کے علاقوں ڈیرہ مرادجمالی ،نصیرآباد اور جعفرآبادمیں بھی سیلاب متاثرین میں گیسٹرو، ڈائریا اور جلدی امراض سمیت دیگربیماریاں پھیلنے لگی ہیں۔