سندھ میں سیلاب کی تباہ کاریاں، متاثرین امداد کے منتظر
سندھ میں سیلاب سے ایک طرف گاؤں کے گاؤں ڈوبے ہوئے ہیں ، تو دوسری جانب لوگ بے یار و مددگار امداد کے منتظر ہیں۔
خیرپورناتھن شاہ شہر کی مختلف کالونیوں میں دو سے پانچ فٹ تک پانی پہنچ چکا ہے، شہر میں مکانات کی دیواریں گر گئیں، متاثرین نے شہر کے باہر سیتا روڈ اور انڈس ہائی وے کے دونوں اطراف پناہ لے لی ہے۔
میہڑ تحصیل کو بھی تینوں اطراف سے پانی نے گھیر لیا ہے، شہریوں نے رنگ بند کی مضبوطی کا کام جاری رکھا ہوا ہے، سیلاب سے بچنے کیلئے متاثرین کی بڑی تعداد بندوں پر موجود ہے۔
دادو کی تحصیل جوہی میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے، سیلاب نے شہر کو چاروں طرف سے گھیر لیا ہے، شہر کو بچانے کیلئے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت رنگ بند کی مضبوطی کے کام میں جتے ہوئے ہیں۔۔
ٹنڈو آدم میں سوئی نہر کوقیصر گاؤں کے مقام پر شگاف پڑنے سے درجنوں دیہات زیرآب آگئے ہیں۔
نوشہرو فیروز میں سیلاب سے قومی شاہراہ زیرآب آگئی، سیلابی ریلے سے 150 سے زائد دیہاتوں میں پانی داخل ہوگیا، شہر کو بچانے کیلئے رنگ بند کی مضبوطی کا کام جاری ہے۔
خیرپورشہر کے بازاروں مارکیٹوں اور مصروف ترین سڑکوں سے بارش کا پانی نہیں نکالا جا سکا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔