خیبرپختونخواکے بالائی اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے کے ممکنہ خطرات، الرٹ جاری
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے صوبے کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر پگھلنے کے ممکنہ خطرے کے باعث الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں شدید گرمی اور 31 اگست سے 4 ستمبر تک متوقع وقفے وقفے سے بارشوں کے باعث گلیشیئر پگھلنے کی رفتار تیز ہو سکتی ہے، جس سے گلیشیئر جھیلوں کے حجم اور پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمے کا کہنا ہے کہ گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کی صورت میں اچانک فلش فلڈز اور تیز پانی کے بہاؤ کا شدید خدشہ ہے۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے چترال، دیر بالا، دیر زیریں، سوات، کوہستان بالا، کوہستان زیریں اور مانسہرہ کی اضلاع انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں حساس مقامات پر خطرے سے دوچار آبادی کے انخلا کی مشقیں انجام دینے اور محفوظ مقامات کو فوری طور پر تیار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔