vni.global
Viral News International

بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی کی درخواست: اسلام آباد ہائیکورٹ کل سماعت کریگی

اسلام آباد: 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی اور ان کے آن لائن تحفظ کے لیے قانون سازی سے متعلق دائر کی گئی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کل سماعت کریں گے۔

شہری وقاص ناصر کی جانب سے وکلا محمد جلال حیدر اور یحییٰ فرید خواجہ کے توسط سے دائر کی گئی اس درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کم عمر بچوں کو سائبر بُلنگ، آن لائن ہراسگی اور نقصان دہ مواد سے بچانے کے لیے فوری اور جامع ریگولیٹری فریم ورک کی ضرورت ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے عمر کی تصدیق کا مؤثر نظام وضع کیا جائے اور سوشل میڈیا کمپنیوں پر پیرنٹل کنٹرول اور حفاظتی اقدامات کے لیے سخت ذمہ داریاں عائد کی جائیں۔

اس سلسلے میں آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر افراد کے سوشل میڈیا پر پابندی، فرانس کے قانونی ضوابط، برطانیہ کے آن لائن سیفٹی ایکٹ 2023 اور اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوق اطفال کی مثالیں بھی پیش کی گئی ہیں۔

درخواست میں وزارتِ آئی ٹی، وزارتِ اطلاعات، وزارتِ داخلہ، وزارتِ قانون، پی ٹی اے اور پیمرا کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی حکومت کو بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کے لیے باقاعدہ فریم ورک اور خصوصی سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری میکنزم قائم کرنے کی ہدایت جاری کی جائے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.