سپریم کورٹ کے تین نئے ججز نے حلف اٹھا لیا
اسلام آباد: سپریم کورٹ میں تعینات تین نئے ججز نےاپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ججز سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہوئی، حلف اٹھانے والوں میں جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں، تقریب میں ججز، وکلاء، لاء افسران اور عدالتی افسران و عملہ نے شرکت کی۔
تین نئے ججز آنے کے بعد سپریم کورٹ میں ججز کی کل تعداد 15 ہوگئی ہے، سپریم کورٹ میں تاحال مزید دو ججز کی نشستیں خالی ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ہی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔