vni.global
Viral News International

بجلی کی نائٹ لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت خواہ ہی،اویس لغاری

بجلی چوری والے علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے: وفاقی وزیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ملک بھر میں رات اور اوقاتِ کار (پیک اورز) کے دوران ہونے والی بجلی کی اضافی لوڈشیڈنگ پر عوام سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی موجودہ سپلائی میں رکاوٹ کسی انتظامی ناکامی یا سسٹم کی خرابی کا نتیجہ نہیں ہے، بلکہ بجلی کی طلب میں غیر متوقع اضافے اور گیس کی شارٹیج کی وجہ سے حکومت کو مجبوراً لوڈ مینجمنٹ کا سہارا لینا پڑا ہے۔

اویس لغاری نے بتایا کہ قطر سے آنے والی ایل این جی کی فراہمی میں درپیش مسائل اور عالمی مارکیٹ کے حالات کے باعث گیس پاور پلانٹس کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ، تربیلا اور منگلا ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی کے باعث ہائیڈل (پن بجلی) کی پیداوار میں بھی نمایاں کمی آئی، جس سے نیشنل گرڈ کو ہزاروں میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نائٹ پیک اورز میں مہنگے فرنس آئل یا ڈیزل کے ذریعے فوری بجلی پیدا کرتی تو اس سے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بھاری اضافہ ہو جاتا، جس کا براہِ راست بوجھ عوام پر پڑتا۔ اسی لیے بجلی کے نرخوں کو کنٹرول میں رکھنے اور عوام کو اضافی مالی بوجھ سے بچانے کے لیے محدود وقت کے لیے لوڈ مینجمنٹ کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قطر سے گیس کی فراہمی میں درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ بحران پر قابو پایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بجلی چوری کے مرتکب علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ حکومت بجلی کی پیداوار میں اضافے اور توانائی کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں عوام کے صبر اور برداشت کو بھی سراہا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.