vni.global
Viral News International

عمران خان کی ہسپتال منتقلی: توہین عدالت درخواست کی جلد سماعت کی استدعا پھر مسترد

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے حوالے سے دائر توہین عدالت کی درخواست فوری یا جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا ایک بار پھر مسترد کر دی ہے۔

عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان نے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے پر یہ توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی، جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل میں طبیعت خراب ہو رہی ہے، اس لیے درخواست کی فوری سماعت کی جائے اور انہیں عدالتی حکم کے مطابق علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے۔

درخواست گزار کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے پہلی متفرق درخواست مسترد ہونے کے بعد دوبارہ عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے واضح کیا ہے کہ توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت بھی مرکزی کیس کے ساتھ ہی 16 ستمبر کو ہوگی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 18 اگست کو عمران خان کے طبی معائنے کے لیے نجی ہسپتال شفاء انٹرنیشنل منتقل کرنے اور خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، تاہم انہیں 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب پمز ہسپتال منتقل کر کے طبی معائنہ کیا گیا تھا اور بعد ازاں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.