پاکستان نے ساڑھے 5 سالہ یوروبانڈ سے 1.75 ارب ڈالر حاصل کرلیے
اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس میں پیشرفت کرتے ہوئے ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ کے ذریعے 1.75 ارب ڈالر حاصل کر لیے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے ساڑھے 5 سالہ یورو بانڈ پر 7.50 فیصد کوپن ریٹ مقرر کیا ہے، جبکہ 10 سالہ یورو بانڈ کے ذریعے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے گئے ہیں جس کا کوپن ریٹ 7.90 فیصد طے کیا گیا ہے۔ پاکستان نے پہلی مرتبہ نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت یہ بانڈز جاری کیے ہیں۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ عالمی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت ملک پر ان کے اعتماد کی بحالی کا واضح اشارہ ہے۔ حکومت کی حکمت عملی محض قرض لینے کے بجائے خودمختار قرض مینجمنٹ پر مبذول ہے، جس کے تحت طویل مدتی فنانسنگ کے ذریعے ری فنانسنگ اور رول اوور رسک کو کم کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ اس کامیاب اجرا کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں پاکستان کی واپسی اور موقع مزید مضبوط ہوا ہے۔