وانا میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، بارود سے بھری گاڑی تباہ، ایک خارجی ہلاک
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے وانا (غواخوا) میں ایک انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے مسلسل تین دن کی نگرانی کے بعد بارود سے بھری ایک خودکش گاڑی کو آبادی سے دور لے جا کر کامیابی سے تباہ کیا۔ اس بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں وانا اور اس کے گردونواح کے شہری علاقے ایک ممکنہ بڑی تباہی اور معصوم شہریوں کے جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہے، جبکہ کارروائی کے دوران ایک خارجی ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔
فورسز کی اس کامیاب کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی کے ساتھ ساتھ ایک موٹر سائیکل بھی تباہ ہوئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک کے امن دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہیں۔