vni.global
Viral News International

بغیر بو کے ملائی جیسی کلیجی کیسے بنائیں؟

عیدِ قرباں کے دن کلیجی دوپہر تک نہ ملے تو عید کا مزہ پھیکا پڑ جاتا ہے لیکن کچھ خواتین یہ شکایت کرتی ہیں کہ کلیجی تیار ہونے کے بعد اس کی بُو ختم نہیں ہوئی اور ٹھیک طرح سے گلی بھی نہیں۔

آج ہم آپ کو کلیجی کی بو ختم کرنے کا آسان طریقہ بتائیں گے، اس کے علاوہ ایک ترکیب بھی بتائیں گے جس سے کلیجی بے حد ذائقے دار اور نرم بنے گی۔

کلیجی دھونے کا طریقہ:

* سب سے پہلے کلیجی کو باؤل میں موجود صاف پانی میں بھگوئیں اور اسے دھو لیں۔

* دوسرے باؤل میں تقریباً آدھا کپ دودھ اور ایک گلاس پانی شامل کرلیں (کلیجی زیادہ ہو تو دودھ اور پانی کی مقدار اس حساب سے لیں) اور پھر اسے 10 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔

* اس کے بعد دوبارہ اسے صاف پانی سے دھو لیں۔

بُو ختم کرنے کا طریقہ:

*لہسن کے کچھ جوے لیں اور انہیں چھلکے سمیت پیس لیں، ساتھ ہی اس میں حسبِ مقدار لیمو کا رس یا سرکا ملا لیں، اس آمیزے کو اچھی طرح سے کلیجی پر ڈال دیں اور مکس کردیں۔

*اب اس کلیجی کو 20 سے 25 منٹ تک رکھ دیں، پھر اسے ایسے ہی پانی سے دھو لیں اور چھان لیں۔

یہ طریقہ آزمائیں اور پھر دیکھیں کلیجی کی بدبو کیسے ختم ہوتی ہے۔

مزیدار کلیجی بنانے کی ترکیب:

کلیجی کا سالن:

ایک کپ دہی میں آدھا چمچ لال پسی مرچیں، ایک چوتھائی کٹی مرچیں، تھوڑی سی ہلدی، ایک چمچ ثابت دھنیا، ایک چمچ کٹا ہوا زیرا ملا کر بوٹیوں کو آدھے گھنٹے کے لیے میرینیٹ کرکے رکھ دیں۔

فوٹو فائل

کڑھائی میں آئل ڈال کر 4 ثابت کالی مرچیں، 2 لونگ اور 2 بڑی الائچی ڈال دیں، پھر کدوکش کی ہوئی ایک پیاز اس میں شامل کریں۔

پیاز ہلکی سی براؤن ہو جائے تو اس میں ایک سرخ ٹماٹر کاٹ کر ڈالیں، ٹماٹر گل جائے تو اس میں دہی میں میرینیٹ کی گئی کلیجی شامل کریں اور اس کو اچھی طرح بھون لیں، دہی کے پانی میں ہی کلیجی گل جائے گی۔

کلیجی آئل چھوڑ دے تو اس میں نمک شامل کریں، 2 سے 3 منٹ پکانے کے بعد چولہا بند کردیں اور اوپر سے ہرا دھنیا، ہری مرچ اور ادرک کاٹ کر ڈال دیں۔

فرائی کلیجی:

 

فوٹو فائل

کڑھائی میں اچھا خاصا تیل ڈال کر کلیجی فرائی کرلیں، بوٹیاں سرخ ہوجائیں تو تیل سے نکال لیں پھر اس میں باریک کٹی ہوئی پیاز، باریک کٹے ہوئے ٹماٹر، ہری مرچیں، ایک چمچ چاٹ مصالحہ اور لیموں کا رس ڈال کر لطف اٹھائیں۔

اہم ہدایت: کلیجی میں نمک ہمیشہ پکنے کے بعد شامل کریں کیونکہ شروع میں ڈالنے سے کلیجی سخت ہو جائے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.