سانحہ پمز، نومولود بچے کو بچانے والی نرس کیلئے ایک کروڑ کا چیک

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک تقریب کے دوران نرس رضیہ نورین کو ان کی بے مثال شجاعت اور انسانیت کی خدمت پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ وزیراعظم نے ان کے سر پر ہاتھ رکھ کر ان کی ہمت کو سراہا اور اعلان کیا کہ آنے والے 23 مارچ کو انہیں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں “تمغۂ خدمت” سے بھی نوازا جائے گا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متعلقہ جگہ پر اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ نرس رضیہ نورین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر فوراً اندر جا کر ایک انتہائی چھوٹے نومولود بچے کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کیا اور باہر لے آئیں۔ جب وہ دیگر بچوں کو بچانے کے لیے دوبارہ اندر گئیں تو شدید دھماکا ہوا اور چاروں طرف اندھیرا چھا گیا۔ اس نازک صورتحال میں بھی انہوں نے ہمت نہ ہاری اور اپنی ساتھی نرس کو بچوں کو بچانے کی ہدایت کرتی رہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رضیہ نورین قوم کی بیٹی ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ کارنامہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

نرس رضیہ نورین نے وزیراعظم کی جانب سے اس پذیرائی اور عزت افزائی پر خوشی اور شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صرف اپنا فرض اور ذمہ داری نبھائی تھی۔

Comments (0)
Add Comment