اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے معاملے پر پیچھے نہ ہٹا گیا تو جماعت اسلامی اپنا لائحہ عمل مزید سخت کرتے ہوئے آگے بڑھے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومتی نظام عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے اور اسی ناکامی کے باعث ملک کو آئی ایم ایف کی سخت شرائط کا سامنا ہے۔ انہوں نے پٹرولیم لیوی کو “جگا ٹیکس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت یہ لیوی ختم کر دے تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 200 سے 250 روپے فی لیٹر تک نیچے آسکتی ہیں۔
حافظ نعیم کا مزید کہنا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں صرف 30 روپے کمی کی گئی جبکہ حقیقت میں یہ کمی 130 روپے تک ہونی چاہیے تھی اور IPPs سے بات چیت کے ذریعے بجلی کی قیمتوں میں بھی 30 فیصد تک کمی ممکن ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا۔