ڈیلاس: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز پری کوارٹر فائنل میچ میں اسپین نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے اور کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس شکست کے ساتھ ہی پرتگال کے مایہ ناز اور تجربہ کار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ گیا، جس پر وہ میدان میں ہی رو پڑے۔ رونالڈو کے لیے یہ ان کا آخری ورلڈ کپ مانا جا رہا تھا جسے وہ یادگار نہ بنا سکے۔
ڈیلاس کے فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم مقابلے میں اسپین کی ٹیم نے شروع ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پرتگال کے خلاف مجموعی طور پر 15 حملے کیے، جبکہ پرتگال کی ٹیم صرف 10 حملے ہی کر سکی۔ میچ کے دوران ایک طرف اسپین کے نوجوان اسٹار لمین یامال کا جوش تھا تو دوسری طرف رونالڈو کا تجربہ۔ یامال نے کئی مرتبہ پرتگال کی دفاعی لائن کو تہس نہس کیا اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو بہترین پاسز دیے، تاہم وہ گول میں تبدیل نہ ہو سکے۔ دونوں ٹیموں کے سخت مقابلے کے باعث پہلا اور دوسرا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
جب میچ کا مقررہ وقت ختم ہوا اور انجری ٹائم کا پہلا منٹ شروع ہوا، تو اسپینش ٹیم نے ایک شاندار موو بنائی جس پر میکائیل میرینو نے 90ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔ اسپین نے اس برتری کو میچ کے آخری لمحات تک برقرار رکھا اور فتح اپنے نام کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ پکی کر لی، جہاں اب اس کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوگا۔