بانی پی ٹی آئی قیدِ تنہائی میں نہیں، جیل سپرنٹنڈنٹ نےعدالت کو رپورٹ جمع کرا دی

ڈیالہ جیل انتظامیہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی تفصیلی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھنے، امتیازی سلوک کرنے اور بنیادی سہولیات سے محروم رکھنے کے تمام الزامات کو  قیاس آرائی قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں قیدِ تنہائی کا نظام تقریباً ختم ہو چکا ہے اور سابق وزیراعظم کو سات سیل پر مشتمل ایک محفوظ کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے جہاں وہ دن بھر آزادانہ نقل و حرکت کر سکتے ہیں اور صرف رات کے وقت اپنے سیل میں رہتے ہیں۔

بہتر کلاس اور سابق وزیراعظم ہونے کے ناطے سکیورٹی کے خاص انتظامات کے ساتھ ساتھ انہیں قانون کے مطابق اضافی سہولیات بھی حاصل ہیں، جن میں کل وقتی قیدی کی طرف سے پسندیدہ کھانا، تازہ ہوا، ورزش، کتب، اخبارات اور طبی دیکھ بھال شامل ہے جہاں جیل کے ڈاکٹر روزانہ تین مرتبہ ان کا معائنہ کرتے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جیل قوانین کے مطابق ہر منگل کو ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی جاتی ہے اور فرینڈ آف کورٹ کی جانب سے بھی حالات کو اطمینان بخش قرار دیا گیا ہے، جس کی کی بنیاد پر عدالت سے علیمہ خانم کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment