چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) حقیقی شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی حالات کے باوجود ہمیشہ مضبوط رہی ہے۔
جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چین کے دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تمام معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور پی ایل اے کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے چین کے دفاع، قومی ترقی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں چینی فوج کے نمایاں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد باہمی اعتماد، غیر متزلزل تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ عزم پر قائم ہے۔
اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے شاندار تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی مسلح افواج قربانیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تمام موسمی حالات میں سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا