پاکستانی طلبہ کیلئے ایک برس تک گوگل جیمنائی کی سبسکرپشن فری

گوگل نے پاکستان میں اپنا مقامی دفتر قائم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی طلبہ کے لیے ایک بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ سبسکرپشن بالکل مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان بھر کے تمام طلبہ کو گوگل جیمنائی کی ایک سالہ پریمیئم سبسکرپشن بلا معاوضہ دی جائے گی، جس کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا وژن گوگل کے اپنے اہداف سے مکمل مطابقت رکھتا ہے۔ ولسن وائٹ نے مزید کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران گوگل نے پاکستان کے مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اپنے ایکو سسٹم کے ذریعے نو لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد ملازمتوں کی فراہمی میں معاونت کی ہے، جبکہ پاکستان میں کمپنی کے مستقبل کے وسیع تر منصوبوں کی یہ محض ایک شروعات ہے۔   

اس پیشرفت کے بعد وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گوگل کا پاکستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے اس اقدام کو ملک میں ڈیجیٹل تبدیلی کی سمت میں ایک اہم اور خوش آئند پیشرفت قرار دیا۔

Comments (0)
Add Comment