بھارتی وزیراعظم کےگھر کے سامنے مظاہرہ، پولیس نے راہول گاندھی کو حراست میں لے لیا

بھارتی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج، پولیس نے راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی کو حراست میں لے لیا

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے نئی دہلی میں طالبعلموں پر ہونے والے پولیس تشدد کے خلاف وزیراعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ کے باہر شدید احتجاجی مظاہرہ کیا، جس کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی اور رکن اسمبلی پریانکا گاندھی سمیت کئی دیگر رہنماؤں کو حراست میں لے لیا۔

مظاہرے کے دوران کانگریس رہنما بھارتی وزیراعظم اور وزیر تعلیم دھرمیندرا پردھان سے فوری استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

گرفتاری سے قبل گفتگو کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مظاہرین اور طالبعلموں پر بہیمانہ تشدد اور شیلنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس نے بھارت کے پورے تعلیمی نظام پر قبضہ جما رکھا ہے۔

انہوں نے موقف اپنایا کہ اپنے بہتر مستقبل اور تعلیم کے لیے جمع ہونے والے ہزاروں طلبہ پر لاٹھی چارج انتہائی شرمناک اور غیر جمہوری عمل ہے۔ دوسری جانب دہلی ہائیکورٹ نے پولیس تشدد کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے کیس کی باقاعدہ سماعت بدھ کے روز مقرر کی ہے اور ریمارکس دیے ہیں کہ عدالت کو اس معاملے میں نہ گھسیٹا جائے۔

Comments (0)
Add Comment