پروویژنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 29 اگست سے 5 ستمبر تک اکثر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ
راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ جیسے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ، جبکہ مری اور گلیات جیسے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اور متعلقہ محکموں (صحت، آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، اور لائیو اسٹاک) کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں، بوسیدہ مکانات، بجلی کھمبوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔