یوم آزادی کی آمد،تجارتی مراکز اور شاہراہیں قومی پرچموں سے سج گئیں

یوم آزادی کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ ملک کے بڑے شہروں  کے مرکزی بازار، تجارتی مراکز اور شاہراہیں قومی پرچموں، سبز و سفید جھنڈیوں اور رنگ برنگی آرائش سے سج گئی ہیں جبکہ خصوصی سٹالوں پر قومی پرچم، بیجز، سٹیکرز، کیپس اور دیگر تزئینی اشیا کی خریداری کے لیے شہریوں، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی  میں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور ملی نغموں کی گونج نے جشن آزادی کا سماں باندھ دیا ہے۔اسلام آباد کے اہم تجارتی مراکز سپر مارکیٹ ، کراچی کمپنی ، آبیارہ مارکیٹ میں بھی  سبز ہلالی پرچموں کی بہار شہریوں کی سٹالوں پر زبردست رش

راولپنڈی کےراجہ بازار، صدر، کمیٹی چوک، مری روڈ، ٹینچ بھاٹہ، پیرودھائی، کمرشل مارکیٹ اور دیگر تجارتی علاقوں میں دکانوں اور خصوصی سٹالوں کو قومی پرچموں، رنگا رنگ جھنڈیوں، برقی قمقموں اور سبز و سفید آرائش سے مزین کر دیا گیا ہے۔

شام ڈھلتے ہی یہ بازار روشنیوں سے جگمگا اٹھتے ہیں اور خریداروں کا رش رات گئے تک برقرار رہتا ہے۔ خصوصی سٹالوں پر قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، سٹیکرز، کیپس، ہیڈ بینڈز، کلائی بینڈز، سبز و سفید مفلرز، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کی سجاوٹ کا سامان اور دیگر تزئینی اشیا فروخت کی جا رہی ہیں۔

ننھے بچے اپنے والدین کے ہمراہ جوش و خروش سے خریداری کر رہے ہیں جبکہ نوجوان بھی گھروں، گاڑیوں اور کاروباری مراکز کو قومی رنگوں سے سجانے کے لیے مختلف اشیا خریدنے میں مصروف ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ یوم آزادی قریب آنے کے ساتھ ہی خریداروں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، اس سال بھی شہریوں میں قومی پرچم اور آرائشی سامان کی خریداری کا جوش گزشتہ برسوں کی طرح نمایاں ہے۔

Comments (0)
Add Comment