ٹانک میں فتنہ الخوارج کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 12خوارج ہلاک، 15 بہادر سپوت شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پولیس چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا، جسے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی نے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی جوانوں نے غیر معمولی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے 12 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید دباؤ کا شکار حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس سے ہونے والے دھماکے سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے کے نتیجے میں وطن کے 15 بہادر سپوت شہید ہو گئے، جن میں 12 فوجی جوان، 2 پولیس اہلکار اور شعبہ جنگلات کا 1 سرکاری اہلکار شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق علاقے میں مزید کسی بھی دہشتگرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خلاف بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور بہادر شہدا کی عظیم قربانیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

Comments (0)
Add Comment