ایران کی وزارت خارجہ نے عمان کے ساتھ آبنائے ہرمز سے متعلق نئے میکانزم پر ہونے والی بات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی اور سیاسی دونوں سطحوں پر پیش رفت ہوئی ہے۔
ایرانی ترجمان کے مطابق مذاکراتی عمل کے دوران آبنائے ہرمز میں تجارتی اور دیگر بحری جہازوں کی محفوظ اور منظم آمدورفت، بحری لینز کے تعین اور نیویگیشن کے طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس کے علاوہ دونوں ممالک نے ایک ایسے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا ہے جس کے تحت ایران اور عمان کی خودمختاری، قومی سلامتی اور قانونی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے خطے میں استحکام اور بحری سلامتی کو فروغ دیا جا سکے۔
آبنائے ہرمز کل مکمل طور پر کھل جائے گی: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کل مکمل طور پر کھل جائے گی، وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدرٹرمپ نے کہا کہ معاملہ جلد کسی ایک طرف ہوجائے گا، یہ کوئی پیچیدہ چیز نہیں، آبنائے ہرمز کھلنا پہلا مرحلہ ہے، دوسرے مرحلے میں نیوکلیئر معاملے پر بات ہو گی۔
ٹرمپ نے کہا امریکا اس بات پر واضح ہے کہ ایران کے پاس نیوکلیئر ہتھیار نہیں ہونے چاہیئں، انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں کوئی فیس نہیں ہوگی، اگر کوئی اور چارج کرے گا تو امریکا بھی چارج کرےگا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے، ایران کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ دستاویز پر دستخط کر دے۔
آبنائے ہرمز کو مکمل کھولنے کا اعلان آئندہ گھنٹوں یا بدھ کو متوقع ہے: عرب ٹی وی
عرب ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے رابطے تیزی سے جاری ہی، رابطوں میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے، آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنےکی تیاری کی جارہی ہے، آبنائے ہرمز کو مکمل کھولنے کا اعلان آئندہ گھنٹوں یا بدھ کو متوقع ہے۔