سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں سے متعلق دو صفحات پر مشتمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عمران خان کا دن میں 3 مرتبہ میڈیکل چیک اپ کیا جاتا ہے جبکہ متعدد سرکاری معالجین اور ماہرین امراضِ چشم نے بھی ان کا معائنہ کیا ہے، جس کے بعد ان کی ایک آنکھ اب تقریباً نارمل ہوچکی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کی باقاعدگی سے ملاقاتیں کروائی جاتی ہیں اور اب تک دونوں کی 84 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ عدالتی حکم نامے اور یقین دہانی کے باوجود جیل احاطے میں میڈیا گفتگو کی گئی اور ملاقاتوں کے ذریعے عمومی جذبات کو ابھارنے کی کوشش کی گئی۔ اس کیس کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ کرے گا۔