آزاد کشمیر الیکشن کیلئے 17 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات،چیف سیکرٹری

مظفرآباد : چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق آزاد کشمیر میں انتخابی عمل کا باقاعدہ آغاز کل سے ہوگا۔

مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے بتایا کہ انتخابات کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور پولنگ میٹریل تمام ریٹرننگ افسران تک پہنچا دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ اداروں نے انتخابی تیاریوں کو حتمی شکل دینے میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر میں انتخابی ماحول اپنے عروج پر ہے، مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز، بینرز، پوسٹرز اور سیاسی جماعتوں کے پرچم نمایاں ہیں، جبکہ سیاسی جماعتوں کی مرکزی قیادت بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں آزاد کشمیر میں موجود ہے۔

چیف سیکرٹری کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے 17 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں کی پولیس بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دے گی تاکہ ووٹرز کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

خوشحال خان نے امید ظاہر کی کہ ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عوام اس بار بھی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ جمہوری عمل میں حصہ لیتے ہوئے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment