نجی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ قائم کیا جائے:وزیر اعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں نجی سرمایہ کاری اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار  کے فروغ کے لیے پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا لائحہ عمل جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پائیدار معاشی ترقی سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں پبلک ایکویٹی مارکیٹ اور پرائیویٹ ایکویٹی فنڈز کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرنے پر زور دیا گیا تاکہ سرمایہ کاری کی دستیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جا سکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام، کاروباری توسیع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے نجی سرمایہ کاری کا فروغ ناگزیر ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کیونکہ بینکنگ سیکٹر کی جانب سے سرمایہ کاری کا حجم ابھی محدود ہے، اس لیے متبادل سرمایہ کاری ذرائع کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبوں میں ترقی کے اعلیٰ امکانات موجود ہیں اور حکومت نجی شعبے کی قیادت میں صنعت اور برآمدات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کو ترجیح دے رہی ہے۔ اس اہم اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Comments (0)
Add Comment