امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ اب بھی ایران کے ساتھ جاری بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہش مند ہے، تاہم ایران اس حوالے سے درکار سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہا۔
فلپائن میں جاری آسیان وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ اگر ایران مذاکرات میں واقعی سنجیدہ ہوا تو امریکہ بھی سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھے گا، لیکن اگر ایرانی فریق نے سنجیدگی نہ دکھائی تو امریکہ اپنے اور اپنے اتحادیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے ماضی میں بھی طے شدہ وعدوں پر پاسداری اور عمل نہیں کیا۔
آبنائے ہرمز کی صورتحال اور عالمی بحری رفت و آمد پر بات کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت پر اپنا کنٹرول قائم کرنا چاہتا ہے، جبکہ کسی بھی بین الاقوامی قانونی نظام میں ایسے کنٹرول کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کو ایسا کرنے کی اجازت دی گئی تو یہ عمل دنیا کے دیگر تمام حساس سمندری راستوں کی سلامتی اور عالمی تجارت کیلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوگا۔